افغانستان کرکٹ ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی سیریز بھارت میں، دہلی میزبان

افغانستان کرکٹ ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی سیریز بھارت میں، دہلی میزبان

افغانستان کی کرکٹ ٹیم ایک بار پھر اپنی بین الاقوامی سیریز کی میزبانی بھارت میں کرنے جا رہی ہے، اور اس بار ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچز بھارتی دارالحکومت دہلی میں کھیلے جائیں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق افغانستان ستمبر میں پہلی مرتبہ بھارت کی میزبانی میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گا، جو 13، 16 اور 19 ستمبر کو شیڈول ہیں۔ یہ سیریز افغانستان کرکٹ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے کیونکہ ٹیم اکثر اپنی ہوم سیریز غیر ملکی سرزمین پر کھیلتی رہی ہے۔رپورٹس کے مطابق اس سے قبل بھی افغانستان کرکٹ ٹیم بھارت کا دورہ کر رہی ہے، جہاں ایک ٹیسٹ میچ اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔ یوں ایک ہی دورہ افغانستان کرکٹ کے لیے طویل اور اہم سیریز پر مشتمل ہوگا۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ نے جوابی دوروں کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا تھا، اور دونوں بورڈز کے درمیان اچھے تعلقات کے باعث ان سیریز پر باہمی اتفاق ہوا ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ ماضی میں بھی اپنی ہوم سیریز بھارت اور متحدہ عرب امارات میں منعقد کرتا رہا ہے۔ بھارت میں افغانستان نے اس سے قبل آئرلینڈ، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ جیسے بڑے ممالک کی میزبانی بھی کی ہے۔یہ پیش رفت افغانستان کرکٹ کے بڑھتے ہوئے بین الاقوامی روابط اور بھارت کے ساتھ اس کے مضبوط کرکٹ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔