واٹر لائن بچھانے سے گلیاں ٹوٹ پھوٹ گئیں

سیدوالا(خصوصی رپورٹ)سیدوالا میں صاف پانی کیلئے پائپ لائن بچھانے کے منصوبہ کی وجہ سے متعدد خوبصورت گلیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار،کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگیں، صاف پانی کامنصوبہ شہریوں کیلئے وبالِ جان بن گیا.صاف پانی کی پائپ لائن بچھانے کے منصوبہ کے تحت سیدوالا ضلع ننکانہ صاحب کی پختہ اور مضبوط پی سی والی خوبصورت گلیوں اور بازاروں کو توڑ پھوڑ کر کھنڈرات میں تبدیل کر دیا جبکہ منصوبے پر کام کرنے والا ٹھیکیدار و کنسٹرکشن کمپنی مشینری سمیت عرصہ دراز سے غائب ہے۔ ادھوری کھدائی، ٹوٹی گلیاں اور گندگی کے ڈھیروں نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی۔کئی ماہ سے کوفت میں مبتلا شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور ضلع ننکانہ کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سید والا کی گلی بازاروں کو فوری طور پر درست کرواکر مکینوں کو مشکلات سے نجات دلائی جائے۔