ملک میں پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے منفرد مہم شروع

پولیو ٹیموں نے جھولوں اور اونٹ کی مفت سواری کروانے کے ذریعے بچوں تک رسائی حاصل کرلی 
اسلام آباد (آئی این پی )ملک میں پولیو کے موذی وائرس کے خاتمے کے لیے منفرد مہم شروع کر دی گئی ہے۔ویکسی نیشن ٹیموں نے جھولوں اور اونٹ کی مفت سواری کروانے کے ذریعے بچوں تک رسائی حاصل کرلی ۔مخصوص علاقوں میں جھولے، اونٹ کی سواری اور رنگ برنگی تفریحی سرگرمیاں نا صرف بچوں کی توجہ کا مرکز بن رہی ہیں بل کہ پولیو سے بچائو کی ویکسین ان بچوں تک پہنچ رہی ہے جو پہلے محروم رہ جاتے تھے۔انسداد پولیو پروگرام کے ترجمان ضیا الرحمن کا کہنا تھا کہ ان جھولوں کو ان علاقوں میں رکھا جا رہا ہے جو پولیو کے لحاظ سے خطرناک تصور کیے جاتے ہیں۔ سرحدی علاقے یا مہاجر بستیاں اور وہ گرے ایریاز جہاں قطرے پلانے سے انکار کی شکایات موصول ہوتی ہیں۔پہلے مرحلے میں بلوچستان کے تین اضلاع کوئٹہ، چمن اور پشین کے 9 مقامات پر قائم کیے گئے ان مراکز پر جوں ہی بچے مفت جھولے جھولنے پہنچے، فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز نے ان کی انگلیوں پر ویکسین کے نشانات چیک کیے، جو بچہ بغیر ویکسین کے پایا گیا، اسے فوری خوشگوار ماحول میں پولیو کے قطرے پلائے گئے۔