محکمہ لائیوسٹاک ساہیوال کی کارروائی ،جعلی ویٹرنری ڈاکٹرگرفتار

 احسن اقبال جوتہ طویل عرصے سے ویٹرنری ڈاکٹر بن کر غیرقانونی کام کررہاتھا
ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ساہیوال کی ہدایت پر کارروائی کے بعد مقدمہ درج
ساہیوال (خصوصی رپورٹ)ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ساہیوال ڈاکٹر عرفان مشتاق کی براہِ راست نگرانی اور بروقت مداخلت سے جانوروں کی غیر قانونی نسل کشی میں ملوث جعلی ویٹرنری ڈاکٹر کوگرفتارکرلیاگیا، محکمہ لائیو سٹاک کی ٹیم نے چھاپہ مار کر احسن اقبال جوتہ کو حراست میں لیا۔ملزم طویل عرصے سے خود کو ویٹرنری ڈاکٹر ظاہر کر کے جانوروں کی غیر قانونی نسل کشی و علاج معالجہ میں مصروف تھا۔ملزم کے پاس نہ تو ویٹرنری سے متعلق کوئی مستند تعلیمی سند موجود تھی اور نہ ہی لائیو سٹاک بریڈنگ سروسز اتھارٹی سے نسل کشی کا اجازت نامہ تھا۔ ملزم کے غیر قانونی اقدامات سے جانوروں کی افزائش متاثر ہو رہی تھی اور مویشی پال حضرات کو مالی نقصان کا سامنا تھا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر عرفان مشتاق نے خود موقع پر موجود رہ کر کارروائی کی نگرانی کی جبکہ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے تھانہ غلہ منڈی ساہیوال میں مقدمہ درج کروا دیا گیا۔