پاکستان نے برطانیہ کی ایئرلائن نورس اٹلانٹک کو پاکستان کے لیے پروازوں کی اجازت دے دی ہے۔
وزیرِ دفاع خواجہ آصف کے مطابق ایئرلائن لندن، مانچسٹر اور برمنگھم سے اسلام آباد کے لیے براہِ راست فضائی سروس کا آغاز کرے گی۔خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے بین الاقوامی ایئرلائنز کی پروازوں میں اضافے سے فضائی شعبے میں صحت مند مسابقت کو فروغ ملے گا، جس کے نتیجے میں مسافروں کو عالمی معیار کی سہولیات میسر آئیں گی اور ہوائی کرایوں میں توازن پیدا ہوگا۔وزیرِ دفاع نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں نورس اٹلانٹک کی جانب سے ہفتے میں چار پروازیں چلائی جائیں گی، جن کی تعداد مستقبل میں بڑھانے کا منصوبہ ہے، تاکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنے وطن سے مزید بہتر طور پر جوڑا جا سکے۔
ادھر ایک اور اہم پیش رفت میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) بھی چھ سال کے طویل وقفے کے بعد 29 مارچ 2026ء سے لندن ہیتھرو کے لیے اپنی براہِ راست پروازیں دوبارہ شروع کر رہی ہے۔خواجہ آصف کے مطابق یہ کامیابی پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پی آئی اے کی مسلسل محنت اور اصلاحاتی اقدامات کا نتیجہ ہے، جن کے ذریعے قومی ایئرلائن کی بین الاقوامی ساکھ کو دوبارہ بہتر بنایا جا رہا ہے، جو ماضی میں سابق وزیرِ ہوابازی کے ایک غیر ذمہ دارانہ بیان سے متاثر ہوئی تھی۔