قومی خزانے میں ٹیلی کام سیکٹر کا حصہ 402 ارب تک پہنچ گیا : پی ٹی اے
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان میں ٹیلی کام صارفین کی تعداد 20 کروڑ سے تجاوز کر گئی،یہ بات پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) نے مالی سال 2024-25 کی سالانہ رپورٹ میں بتائی گئی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں براڈ بینڈ کنکشنز کی تعداد 15 کروڑ سے بڑھ چکی ہے، جبکہ ٹیلی کام شعبے کی مجموعی آمدن ایک کھرب روپے سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ قومی خزانے میں ٹیلی کام سیکٹر کا حصہ 402 ارب روپے تک پہنچ گیا ۔رپورٹ کے مطابق ٹیلی کام شعبے میں سرمایہ کاری کا حجم 838 ملین امریکی ڈالر تک جا پہنچا، جبکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں آمدن میں 12 فیصد اضافہ ہوا۔ پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ٹیلی کام سرمایہ کاری میں 9 فیصد نمایاں ترقی دیکھنے میں آئی ہے۔ملک کے 92 فیصد رقبے پر ٹیلی کام کوریج فراہم کی جا چکی ہے اور براڈ بینڈ پینیٹریشن 60 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔پاکستان میں 95 فیصد سیلولر نیٹ ورکس فور جی ٹیکنالوجی پر منتقل ہو چکے ہیں، جبکہ علاقائی اور عالمی رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے 4 نئی سب میرین کیبلز شامل کی جا رہی ہیں