باٹا پور پولیس کی کارروائی، بچیوں سے اسکوٹیاں چھیننے والے گینگ کے 2 ملزمان گرفتار

باٹا پور پولیس کی کارروائی، بچیوں سے اسکوٹیاں چھیننے والے گینگ کے 2 ملزمان گرفتار

لاہور کے باٹا پور پولیس اسٹیشن نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے راستے میں جاتی ہوئی بچیوں سے اسکوٹیاں چھین کر فرار ہونے والے گینگ کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

باٹا پور اور مناواں پولیس کو شہریوں کی جانب سے مقدمات کے لیے درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ کے مطابق چند روز قبل ملزمان باٹا پور اور مناواں سے راستے میں جاتی ہوئی بچیوں سے اسکوٹیاں اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے تھے۔ایس ایچ او باٹا پور نے بتایا کہ ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں بچی سے اسکوٹی چھینتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کی ہدایت پر ایس پی کینٹ نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے اسپیشل ٹیم تشکیل دی تھی۔

ایس پی اخلاق اللہ تارڑ نے بتایا کہ پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان احسن رضا اور سخاوت کو چھینی ہوئی اسکوٹیوں سمیت گرفتار کر لیا۔ ملزمان سے 2 اسکوٹیاں، موبائل فونز، 2 پستول اور گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشنز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔