وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی اور کور کمانڈر بلوچستان کا سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ، دہشت گرد حملوں میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کی
’’ جذبے بلند اور عزم پختہ ، ہم فتن الہندوستان کے دہشت گردوں کو نیست و نابود کریں گے۔‘‘ ناسور کے خاتمے کے لیے ہماری، بچوں کی جانیں بھی حاضر ہیں:زخمی اہلکار
کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور کور کمانڈر بلوچستان نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے دہشت گرد حملوں میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔ دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ، وزیراعلیٰ بلوچستان اور کور کمانڈر نے زخمی اہلکاروں کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے ان کی جرات اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ نے شیروں کی طرح دہشت گردوں کے حملوں کا مقابلہ کیا اور انہیں ناکام بنایا۔‘‘ زخمی پولیس اہلکاروں نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ صحتیاب ہو کر دوبارہ دہشت گردی کے خلاف میدان میں اتریں گے۔ زخمی اہلکاروں کا کہنا تھا کہ ’’ہمارے جذبے بلند اور عزم پختہ ہیں، ہم فتن الہندوستان کے دہشت گردوں کو نیست و نابود کریں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ فتن? الہندوستان کے ناسور کے خاتمے کے لیے ہماری اور ہمارے بچوں کی جانیں بھی حاضر ہیں۔‘‘