امیدوار کی عمر 25 سے 55 سال تک ہونی چاہیے،اپلائی کی آج آخری تاریخ
دل، شوگر یا ہائی بلڈ پریشر کے حامل افراد اہل نہیں ہوں گے:وزارتِ مذہبی امور
اسلا م آباد (خصوصی رپورٹ )وزارتِ مذہبی امور نے حج 2025 کے دوران عازمینِ حج کیلئے پاکستانی میڈیکل سٹاف بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور بھرتی کا یہ عمل این ٹی ایس کے ذریعے مکمل کیا جائے گا،امیدوار اپنی درخواستیں آج (منگل )تک جمع کروا سکتے ہیں۔وزارتِ مذہبی امور نے حج مشن کیلئے میڈیکل سٹاف کی بھرتی کا اعلان کرتے ہوئے اہل امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ حج کے دوران عازمین کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے وزارت 98 ڈاکٹرز، فارماسسٹس اور 196 پیرامیڈیکل سٹاف سعودی عرب بھیجے گی۔ اعلامیے کے مطابق امیدوار کی عمر 25 سے 55 سال کے درمیان ہونی چاہیے، ساتھ ہی کم از کم تین سال کا سرکاری سروس تجربہ اور سروس میں حاضر ہونا لازمی ہے،بھرتی کیلئے امیدوار کو اپنے متعلقہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سے فٹنس سرٹیفکیٹ بھی جمع کرانا ہوگا۔ وزارت نے کہا ہے کہ دل، شوگر یا ہائی بلڈ پریشر کے حامل افراد اہل نہیں ہوں گے،30 فیصد کوٹہ خواتین میڈیکل سٹاف کیلئے مخصوص کیا گیا ہے، منتخب افراد حج کے دوران سعودی عرب میں ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے،سعودی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو فوری وطن واپس بھیج دیا جائے گا، میڈیکل مشن کی تعیناتی وفاقی حکومت کی پالیسی کے مطابق کی جائے گی۔