مہلک حادثات ترمیمی بل 2024بھی منظور ،10بل متعلقہ کمیٹیوں کو ارسال
آئی ایم ایف رپورٹ میں اداروں کی اصلاحات کیلئے سفارشات آئیں:وزیرخزانہ
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ )سینیٹ نیگرفتار ، تحویل میں لئے گئے یا حراست میں زیر تفتیش افراد کے حقوق کا بل 2020 اورمہلک حادثات ترمیمی بل 2024منظور کرنے سمیت 10 بلز متعلقہ کمیٹیوں کو بھجوا دئیے ، عربی زبان کو لازمی قرار دئیے جانے کی قرار داد کو موخر کردیاگیاجبکہ رواں سال سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کیلئے مناسب ریلیف پیکجز اور معاوضہ فراہم کرنے کی قرارد اد منظور کر لی گی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کی۔سینیٹر فاروق نائیک نے بل پیش کیا کہ اگر کوئی جیل میں ہو تو اسے گھر کا کھانا، دوائیاں دی جائیں ، اِن سب کیلئے پہلے عدالت سے رجوع کرنا پڑتا ہے اور یہ عدالت کی صوابدید ہے۔ ملزم پر جرم ثابت ہونے سے پہلے اِس کے حقوق ہیں۔ارکان سینیٹ نے تحویل میں لئے گئے یا حراست میں زیر تفتیش افراد کے حقوق کا بل 2020 بل متفقہ طور پر منظور کرلیا۔مہلک حادثات ترمیمی بل 2024منظور کرنے سمیت 10 بلز متعلقہ کمیٹیوں کو بھجوا ئے گئے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کی رپورٹ کے حوالے سے کہا کہ یہ7عناصر پرمشتمل ایک تکنیکی رپورٹ ہے، جس میں اداروں کی اصلاحات سے متعلق سفارشات ہیں۔ اس رپورٹ میں ایسا کچھ نہیں کہ جس پر ہم کام نہ کررہے ہوں، آئی ایم ایف کی طرف سے 15 سفارشات آئی ہیں اور یہ سفارشات ہماری ادارہ جاتی اصلاحات کے ایجنڈا میں شامل ہیں،بیس ممالک میں ایسی رپورٹس آئی ہیں۔