ہر پکڑے جانے والے شخص کو تحریری طور پر یہ بتانا ہوگا‘ اس کے کیا حقوق ہیں‘کوئی پولیس افسر خلاف ورزی کرے گا تو جرمانہ ہوگا:فاروق ایچ نائیک
سینیٹ میں پاکستان ڈینٹل کونسل ترمیمی بل سمیت متعدد ترمیمی بل پیش کر دیئے گئے،چیئرمین سینیٹ نے متعلقہ کمیٹیوں کے سپرد کردئیے
اسلام آباد(آن لائن)ایوان بالا نے زیرحراست ملزموں کے حقوق کے حوالے سے بل متفقہ طور پر منظور کر لیا ،بل کے مطابق زیر حراست شخص کو قانونی معاونت سمیت ،علاج و معالجہ اور دیگر سہولیات سے آگاہ کیا جائے گا۔سوموار کو سینیٹ اجلاس کے دوران پی پی کے سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے دی رائٹس آف پرسن بل پیش کیا۔ اس موقع پر سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ آرٹیکل 14یہ کہتا ہے کہ ہر شخص کی عزت ہے انہوں نے کہاکہ پوری دنیا میں جو بھی شخص زیر حراست ہوتا ہے ااس کو حقوق ملتے ہیں اس بل میں ہر پکڑے جانے والے شخص کو تحریری طور پر یہ بتانا ہوتا ہے کہ اس کے کیا حقوق ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اب جو گرفتار ہوتا ہے اس کو عدالت میں جا کر حقوق مانگنے پڑتے ہیں اگر یہ بل منظور ہوگا تو اس کو قانونی معاونت سمیت کھانا اور ہسپتال کے سہولیات بغیر کسی سے پوچھے ملے گی اور پولیس آفیسر اگر کوئی خلاف ورزی کرے گا تو اس پر جرمانہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ یہ بل انسانی حقوق،جمہوریت اور انسانی فلاح و بہبود کیلئے بے حد ضروری ہے اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے اراکین سے بل پر شق وار رائے لینے کے بعد بل متفقہ طور پر منظور کر لیا‘دریں اثناء ایوان بالا میں پاکستان ڈینٹل کونسل ترمیمی بل سمیت متعدد ترمیمی بل پیش کردئیے گئے ،چیئرمین سینیٹ نے بل متعلقہ کمیٹیوں کے سپرد کردئیے