13کروڑلوگوں کیلئے صفائی منصوبہ حیران کن،کریڈٹ ٹیم کینام:پال کلین
مریم نواز پورے پنجاب کو اپنے گھر کی طرح صاف کر رہی ہیں:عظمیٰ بخاری
لاہور (خصوصی رپورٹ)امریکی عالمی جریدے ’’فوربز ‘‘نے ستھرا پنجاب پروگرام کوکامیاب قرار دیتے ہوئے اس کا کریڈٹ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ان کی ٹیم کو دے دیا،رائٹر پال کلین نے اپنی تحقیقاتی تحریر میں لکھاکہ حکومت پنجاب نے قلیل مدت میں صوبے کے سب سے بڑے چیلنج کو پورا کرلیا، 8 ماہ کی قلیل مدت میں 13کروڑ لوگوں کیلئے صفائی کا منصوبہ بنانا اور چلانا حیران کن ہے، پال کلین نے تحریر میں سی ای او بابر صاحب دین سے کی گئی گفتگو کا حوالہ بھی دیا۔انہوں نے لکھاکہ موجودہ حکومت کے آنے سے پہلے پنجاب کے25ہزارچھوٹے شہر اور گاؤں صفائی جیسی بنیادی سہولت سے محروم تھے۔ مریم نواز کی ہدایت پر وزیربلدیات ، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی ٹیم نے مل کر صوبہ بھر کیلئے صفائی کا موثر اور قابل عمل نظام بنایا۔ 30 ہزار گاڑیوں اور ایک لاکھ 50 ہزار ورک فورس کی ایک ڈیش بورڈ پر مانیٹرنگ کرنا دنیا کیلئے قابل تقلید ہے۔ برازیل میں ہونے والی کوپ 30 کانفرنس میں ستھرا پنجاب پروگرام کو بہترین مثال کے طور پر پیش کیا گیا۔ وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز پورے پنجاب کو اپنے گھر کی طرح صاف کر رہی ہیں اور فوربز میگزین نے تسلیم کیا ہے کہ انہوں نے گزشتہ 75 برسوں کے صفائی کے مسائل چند ماہ میں حل کر دئیے ہیں۔ ستھرا پنجاب پروگرام نے شہروں اور دیہاتوں کے درمیان صفائی کے فرق کو ختم کردیا ہے۔ مریم نواز صدق دل سے پنجاب کی خدمت کر رہی ہیں، اسی وجہ سے نہ صرف ملکی سطح بلکہ عالمی سطح پر بھی ان کے کام کو سراہا جا رہا ہے۔