ٹرین حادثہ، 50 مسافر لہولہان

اسلام آباد ایکسپریس کی 3 بوگیاں الٹ گئیں، ریسکیو آپریشن ، زخمی ہسپتال منتقل،ٹرینوں کے روٹ عارضی طور پر تبدیل
لاہور،اسلام آباد( کرائم رپورٹر،خصوصی رپورٹ)اسلام آباد ایکسپریس کو کالاشاہ کاکو کے قریب حادثہ، 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں،3مکمل طور پر الٹ گئیں، 50 مسافر زخمی ہو گئے،وزیراعظم شہباز شریف کا ٹرین حادثے پر اظہار افسوس،ریسکیو ٹیموں کو جلد امدادی کارروائیوں کی ہدایت ۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق لاہور سے اسلام آباد جانیوالی ٹرین کی گزشتہ روز کالاشاہ کاکو اور مریدکے کے درمیان 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں ،جن میں سے 3 مکمل طور پر الٹ گئیں،حادثے کے نتیجہ میں 50 مسافر زخمی ہو گئے ،مسافروں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیا ں شروع کر دیں۔اسلام آباد ایکسپریس ٹرین کی پانچ بوگیاں پٹری سے اترنے کے نتیجے میں50 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔جمعے کو پیش آنے والے اس حادثے کے نتیجے میں میڈیا کو جاری کیے گئے بیان میں ریسکیو پنجاب کے ترجمان نے بتایا ہے حادثہ کالا شاہ کاکو کے قریب پیش آیا۔ترجمان ریسکیو نے کہا ہے کہ ابتدائی طور پر50 لوگوں کو فرسٹ ایڈ دی گئی ہے جبکہ مجاہد حسین جن کی عمر 25 سال ہے کو ریسکیو کرکے ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ہے۔ وہ بوگیوں میں پھنس گئے تھے۔ترجمان ریسکیو کے مطابق ایک اور شخص کو ریسکیو کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔ترجمان ریسکیو کے مطابق تمام بوگیوں میں مکمل سرچ آپریشن کیا جارہا ہے تاکہ کوئی مسافر پھنسا نہ ہو اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال مریدکے منتقل کیا جارہا ہے۔ترجمان ریلوے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ گرین لائن ایکسپریس سادھوکی سے مدد کے لیے روانہ کر دی گئی ہے اور راولپنڈی اور لاہور سے آنے جانے والی ٹرینوں کے روٹ کو عارضی طور پر تبدیل کر دیا گیا۔ ٹریک کلیئر ہونے تک ٹرینیں براستہ وزیر آباد ،سانگلہ ہل ، حافظ اباد، شاہدرہ ،لاہور پہنچیں گی۔اد ھر وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ریسکیو ٹیمز کو جلد از جلد مسافروں کی امداد کیلئے کاروائیوں کا آغاز کرنیاور زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، انہوں نیزخمیوں کی جلد از جلد صحتیابی کیلئے بھی دعا کی ہے۔