ویب ڈیسک: بنگلادیشی یوٹیوبر اور ماڈل شانتا پال کو بھارت کے شہر کلکتہ میں جعلی دستاویزات رکھنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے کلکتہ کے علاقے میں ایک کرائے کے فلیٹ پر چھاپہ مار کارروائی کی جس کے دوران 28 سالہ ماڈل کو حراست میں لیا گیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے دو جعلی آدھار کارڈ، ووٹر آئی ڈی، راشن کارڈ اور پین کارڈ برآمد کیے جو مغربی بنگال کے مختلف پتوں پر رجسٹرڈ تھے۔پولیس کے مطابق شانتا پال 2023 میں کلکتہ آئی تھیں اور ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی چھپ کر بھارت میں مقیم رہیں۔ وہ مقامی باشندوں میں گھلنے ملنے کے لیے بروکرز کے ایک نیٹ ورک کے ذریعے جعلی دستاویزات حاصل کر رہی تھیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ معمول کی جانچ کے دوران درست ویزا نہ دکھانے پر ان سے تفتیش کی گئی، جس کے بعد تلاشی کے دوران ان کے پاس سے جعلی دستاویزات کے ساتھ متعدد بنگلادیشی پاسپورٹ اور ذاتی شناختی کارڈ بھی برآمد ہوئے۔