ڈاکو فیملی کو لوٹ کر فرار ہوئیتو پولیس نے تعاقب کیا، ملزموں کی فائرنگ سے کانسٹیبل عمر آفتاب شہید ہوگیا، ایک ڈاکو ہلاک
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس کا ایک اور بہادر جوان گجرات میں شہر یوں کے جان و مال کی حفاظت کے دوران ڈاکو ئوں کی فائرنگ سے شہادت کے رتبے پر فائز ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق، پنجاب پولیس کے کانسٹیبل عمر آفتاب جو تھانہ کڑیانوالہ، گجرات کی چوکی جلالپور صوبتیاں میں تعینات تھے،نامعلوم ڈاکو ئوں کی فائرنگ کے نتیجے میں جام شہادت نوش کر گئے۔ یاد رہے گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب پولیس کی یہ دوسری شہادت ہے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شہید کانسٹیبل عمر آفتاب کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ شہید کے اہل خانہ کی مکمل دیکھ بھال اور ویلفئیر کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوا جبکہ دوسرا فرار ہو گیا۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ مفرور ڈاکو کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار دو ڈاکو ایک فیملی سے زیورات اور نقدی چھین کر فرار ہوئے، جس کے بعد پولیس نے تعاقب کیا۔ ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر شدید فائرنگ کی جس کے دوران کانسٹیبل عمر آفتاب سر پر لگنے والی گولی سے موقع پر شہید ہو گئے۔پولیس نے فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔