انتظامیہ کی غفلت ، کھلے گٹر میں گر کر ڈیڑھ سالہ بچی جاں بحق

بچی کی شناخت سمن بنت وکی کے نام سے ہوئی ہے، گھر کے باہر کھیل رہی تھی
حیدر آباد(آئی این پی )حیدرآباد میں ٹنڈویوسف ریلوے پھاٹک کے قریب انتظامیہ کی غفلت کے باعث ڈیڑھ سالہ بچی کھلے گٹر میں گر کر جاں بحق ہوگئی۔علاقہ مکینوں کے مطابق بچی جس کی شناخت سمن بنت وکی کے نام سے ہوئی ہے، گھر کے باہر کھیل رہی تھی کہ اچانک قریب موجود کھلے گٹر میں جاگری۔اہل علاقہ نے فوری طور پر بچی کو نکالنے کی کوشش کی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس گٹر کے حوالے سے متعدد بار بلدیاتی نمائندوں کو شکایات درج کروائی گئیں مگر اس کے باوجود گٹر پر ڈھکن نہیں لگایا گیا۔شہریوں نے الزام عائد کیا کہ متعلقہ حکام کی غفلت کے باعث ایک معصوم جان ضائع ہوگئی۔اہلِ علاقہ نے مزید بتایا کہ اس سے قبل بھی اسی گٹر میں گر کر ایک اور بچہ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا لیکن اس واقعے کے بعد بھی کوئی مثر اقدام نہیں اٹھایا گیا