حکومت معاشی استحکام کے ساتھ پائیدار ترقی کیلئے اقدامات کر رہی ہے، معاشی ترقی کیلئے حکومت اور نجی شعبے کا اشتراک ناگزیر ہے
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے حکومت معاشی استحکام کے ساتھ پائیدار ترقی کیلئے اقدامات کر رہی ہے، پاکستان کی معیشت کو بیرونی امداد سے تجارت اور سرمایہ کاری کی جانب لے جا رہے ہیں۔اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی کیلئے حکومت اور نجی شعبے کا اشتراک ناگزیر ہے، معاشی ترقی کا عمل سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سے جڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام کے ساتھ پائیدار ترقی کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ برآمدات، سرمایہ کاری اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہماری ترجیحات ہیں، ایکسپورٹ فنانس ملکی برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔