سیلابی پانی سے لاش برآمد

لاہور(کرائم رپورٹر) رنگیل پور سندر اڈا ملتان روڈ کے قریب سیلابی پانی سے ایک نوجوان کی لاش برآمد ہوئی۔ ترجمان ریسکیو کے مطابق اطلاع ملنے پر ریسکیو غوطہ خور ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاش کو پانی سے نکالا۔ متوفی کی شناخت 25 سالہ عادل محمد اشرف کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ مذکورہ نوجوان سیلابی پانی میں بطخ پکڑنے کے لیے گیا تھا مگر گہرے پانی میں جا کر ڈوب گیا۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر مردہ خانے منتقل کر دیا۔ ابتدائی کارروائی مکمل کر کے واقعہ کی مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ مقامی افراد نے کہا کہ سیلابی پانی کی شدت کے باعث حادثات پیش آ رہے ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ ایسے مقامات پر حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید جانی نقصان نہ ہو۔