وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد مگسی نے چیئرمین پی ای سی انجینئر وسیم نذیر کیساتھ پودا لگایا
اسلام آباد(آن لائن)پاکستان انجینئرنگ کونسل کی ''ون پرسن ون ٹری'' شجرکاری مہم شروع ہوگئی ہے۔وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد مگسی نے چیئرمین پی ای سی انجینئر وسیم نذیر کیساتھ پودا لگایا۔سینیٹر عبدالقادر، سینیٹر دنیش کمار، انجینئرنگ کونسل حکام نے بھی پودا لگایا ۔اس موقع پر وفاقی وزیر خالد مگسی نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرے سے دوچار ہے، حالیہ سیلاب شجرکاری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں،گرین پاکستان کیلئے پاکستان انجینئرنگ کونسل کی شجرکاری اہم اقدام ہے۔ خالد حسین مگسی نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔ چیئرمین پی ای سی انجینئر وسیم نذیر نے کہا کہ انجینئرنگ کونسل کی شجرکاری مہم دو ہفتے قبل شروع کی گئی تھی،مہم میں شجرکاری اور شکر یہ مقابلہ بھی شامل ہے، ہر صوبے سے تین بہترین شجرکاری تصاویر کا انتخاب کیا جائے گا،پاکستان انجینئرنگ کونسل چاہتی ہے انجینئرز شجرکاری مہم کو لیڈ کریں، انجینئر وسیم نذیر نے بتایا کہ ملک کا ہر طبقہ شجرکاری مہم میں انجینئرز کا ساتھ دے۔