اوگرا نے اکتوبر کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق ایل پی جی 20 روپے 68 پیسے فی کلو مہنگی ہونے کے بعد نئی سرکاری قیمت 279 روپے 33 پیسے فی کلو مقرر کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 11.8 کلوگرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 243 روپے 33 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 ہزار 296 روپے 23 پیسے مقرر ہوگئی ہے۔سرکاری نرخوں میں اضافے کے بعد مارکیٹ میں بھی ایل پی جی کی قیمت مزید بڑھ گئی ہے، جہاں یہ 440 سے 550 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کے بلوں کی ادائیگی کے باوجود گھروں میں گیس دستیاب نہیں، جس کے باعث انہیں مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ان کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میں اضافے سے پہلے ہی مشکلات کا شکار گھریلو بجٹ پر مزید بوجھ پڑ گیا ہے۔