انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں پاکستانی کرکٹر صائم ایوب نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے نمبر ون ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
صائم ایوب نے اپنی کارکردگی کی بدولت بھارت کے ہاردیک پانڈیا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔ ان کی رینکنگ میں یہ 4 درجے کی بہتری کے بعد حاصل کی گئی ہے۔ ہاردیک پانڈیا اب دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ پاکستان کے دیگر آل راؤنڈرز میں محمد نواز 4 درجے ترقی کے بعد 13 ویں اور فہیم اشرف 4 درجے بہتری کے بعد 35 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔بولرز کی رینکنگ میں پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی 12 درجے ترقی کے بعد 14 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بھارت کے ورون چکرورتھی پہلے نمبر پر برقرار ہیں جبکہ پاکستان کے ابرار احمد 3 درجے تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر ہیں۔ بھارت کے کلدیپ یادیو 9 درجے کی بہتری کے بعد 12 ویں نمبر پر آئے ہیں۔ دیگر پاکستانی بولرز میں سفیان مقیم 3 درجے تنزلی کے بعد 19 ویں اور حارث رؤف 5 درجے تنزلی کے بعد 33 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ بھارت کے جسپریت بمرا 12 درجے بہتری کے بعد 29 ویں نمبر پر پہنچے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی رینکنگ میں بھارت کے ابھیشک شرما پہلے نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ سری لنکا کے پاتھم نسانکا 2 درجے ترقی کے بعد پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کی دو درجے تنزلی ہوئی ہے اور وہ اب آٹھویں نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے صاحبزادہ فرحان 11 درجے ترقی کے بعد 13 ویں نمبر پر براجمان ہیں۔ بابر اعظم 2 درجے تنزلی کے بعد 37 ویں اور محمد رضوان 3 درجے تنزلی کے بعد 41 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔صائم ایوب کی پہلی پوزیشن نہ صرف ان کی ذاتی محنت کی پہچان ہے بلکہ پاکستان کرکٹ کے لیے بھی فخر کا باعث ہے۔ شاہین آفریدی کی ترقی اور دیگر کھلاڑیوں کی رینکنگ میں تبدیلیاں عالمی سطح پر پاکستانی کرکٹرز کی مضبوط موجودگی کو ظاہر کرتی ہیں۔