سوشل سکیورٹی ہسپتال میں ایمرجنسی بلاک کی توسیع کا آغاز

محنت کشوں کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے‘ کمشنر محمد علی
لاہور (خصوصی رپورٹ)کمشنر پنجاب سوشل سکیورٹی محمد علی نے شاہدرہ سوشل سکیورٹی ہسپتال کا دورہ کیا اور ہسپتال میں ایمرجنسی بلاک کی توسیعی منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر میڈیکل ایڈوائزر ڈاکٹر حمیرا بزدار، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مظہر اعوان اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ایمرجنسی وارڈ کو 8 بستروں سے بڑھا کر 16 بستروں تک کیا جا رہا ہے۔ محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کو ریسسٹیٹیشن روم، ٹرائیج ایریا، مائنر آپریشن تھیٹر اور ای سی جی روم جیسی جدید سہولیات میسر آئیں گی۔ کمشنر محمد علی نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے آپریشن تھیٹر کا خصوصی معائنہ کیا اور نئی نصب اسٹیریلائزیشن مشین کی کارکردگی چیک کی۔ اس کے علاوہ صفائی ستھرائی کے انتظامات، ڈاکٹروں کی حاضری، مریضوں کے ریکارڈ اور ادویات کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا گیا۔انہوں نے ہسپتال کی تیسری منزل پر نئی تعمیر کے منصوبے کے لیے ڈائریکٹر ورکس کو نقشہ اور دیگر اقدامات کی ہدایات دیں۔ کمشنر نے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے بیٹھنے کی جگہ کو مزید کشادہ اور آرام دہ بنانے کی بھی ہدایت کی۔ڈینگی کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں ایس او پیز کے مطابق تمام حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔کمشنر محمد علی نے کہا کہ ایمرجنسی وارڈ کی اپ گریڈیشن سے محنت کشوں کو مزید بہتر اور جدید سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کو علاج و معالجہ کی جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔