عابد غیرقانونی طور پر اسلحہ پشاور سے منگواتا اور آن لائن آرڈرز پر ڈیلیور کرتا تھا
لاہور (کرائم رپورٹر) ایس پی کینٹ کیپٹن (ر) قاضی علی رضا کی ہدایت پر غیر قانونی اسلحہ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے معروف اسلحہ ڈیلر کو گرفتار کرلیا پولیس کے مطابق ایس ایچ او شمالی چھاؤنی رومان اقبال کی قیادت میں پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ریکارڈ یافتہ اسلحہ ڈیلر عابد طارق کو دورانِ چیکنگ رنگے ہاتھوں اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔ ملزم غیر قانونی طور پر اسلحہ پشاور سے منگواتا اور آن لائن آرڈرز پر لاہور میں ڈیلیور کرتا تھاپولیس نے ملزم کے قبضے سے 3 رائفلز،3 ایئر گنز2 پستول، متعدد میگزینز اور درجنوں گولیاں برآمد کیں۔ ایس پی کینٹ قاضی علی رضا کے مطابق سرِ عام اسلحہ لے کر گھومنے، لہرانے اور اسلحہ کی نمائش کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا۔گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ایس پی کینٹ قاضی علی رضا کا کہنا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کریک ڈاؤن آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔