قیادت چند ایسے لوگوں کے ہاتھ میں ہے جیسے بندر کے ہاتھ ماچس آ جائے
ٹی ایل پی پر پابندی اچھی بات ، خواجہ آصف پنجابی فلموں میں کام ، بڑھکیں مار لیں
لاہور(آئی این پی )سابق وفاق وزیر فواد چو ہدری نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات سے روکنا افسوسناک ہے، پی ٹی آئی کی لیڈرشپ نابالغ ہے، پارٹی چند ایسے لوگوں کے ہاتھ میں ہے جیسے بندر کے ہاتھ ماچس آ جائے، ٹی ایل پی پر پابندی لگنا اچھی بات ہے،قومی معاملات میں سنجیدگی ضروری ہے، خواجہ آصف پنجابی فلموں میں کام کرکے بڑھکیں مار لیں۔ان خیالات کااظہار انہوںنے انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ فواد چو ہدر ی نے کہا ہے کہ گزشتہ روز دوبارہ وزیرِاعلی خیبرپختونخوا کو بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، سہیل آفریدی چوتھی مرتبہ جیل کے باہر آئے مگر ملاقات کی اجازت نہ دی گئی جو کہ ان کی تضحیک کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت نابالغ ثابت ہو رہی ہے جبکہ سہیل آفریدی بانی پی ٹی آئی کی رہائی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، پارٹی چند ایسے لوگوں کے ہاتھ میں ہے جیسے بندر کے ہاتھ ماچس آ جائے۔