اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی آئینی عدالت نے بری امام کے علاقہ میں سی ڈی اے آپریشن رکوانے کی استدعا مسترد کردی۔جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ بہتر ہے اس کیس کو متعلقہ فورم پر ہی چلائیں۔ ،جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس پر سماعت کی۔ دوران سماعت وکیل علاقہ مکین نے کہاکہ ہائیکورٹ سے فیصلہ آنے تک تمام گھروں کو گرا دیا جائے گا، جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ ہم سے کوئی آبزرویشن نہ لیں آپ کیلئے یہی بہتر ہے، وکیل نے کہاکہ ہائیکورٹ میں جلد سماعت کی درخواست پر بھی شنوائی نہیں ہوئی، جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ ایک جج چیمبر میں کمیٹی کس قانون کے تحت بنا سکتا ہے؟وکیل علاقہ مکین نے کہا کہ کمیٹی پہلے سی ڈی اے بنا چکا تھا، عدالت نے کہاکہ ہائیکورٹ کے جج کا یہ مینڈیٹ ہے کہ کمیٹیاں بنائے؟وکیل نے کہاکہ آپریشن نہ روکا گیا تو سب گھروں کو گراونڈ کر دیا جائے گا، وکیل نے استدعا کی کہ عدالت ہائیکورٹ کو جلد فیصلے کی ہدایت جاری کردے،جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس ہم سے آبزرویشن لئے بغیر اپنے قانونی راستے اختیار کریں۔