غیرقانونی بھرتی کیس: پرویز الٰہی کی حاضری معافی کی درخواست منظور

  لاہور(آئی این پی )اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔بدھ کو سماعت کے دوران پرویز الہٰی کے وکیل عامر سعید راں کی جانب سے عدالت میں موقف اختیار کیا گیا کہ ان کے موکل کی طبیعت ناساز ہے اور ڈاکٹرز نے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے، لہٰذا عدالت سے ایک روزہ حاضری معافی کی استدعا ہے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست منظور کرلی۔سماعت کے دوران محمد خان بھٹی سمیت دیگر شریک ملزمان عدالت میں پیش ہوئے اور حاضری مکمل کرائی۔ عدالت نے شریک ملزمان کو وکیل کرنے کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔