خواہش تھی پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان فائنل ہوتا، بدقسمتی سے دونوں پسندیدہ ٹیمیں ٹورنامنٹ سے آئوٹ ہوگئیں
کراچی(آئی این پی)برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر لانس ڈوم نے چیمپئنز ٹرافی میں انگلینڈ اور پاکستان کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لانس ڈوم نے کہا کہ میری خواہش تھی کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان فائنل ہوتا، بدقسمتی سے میری دونوں پسندیدہ ٹیمیں پہلے ہی ٹورنامنٹ سے آئوٹ ہوگئیں۔لانس ڈوم نے کہا کہ پاکستان نے شاندار انداز میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کی، چیمپئنز ٹرافی جیسا ٹورنامنٹ لوگوں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، کھیلوں کی وجہ سے لوگوں کو ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔ ڈپٹی ہائی کمشنر لانس ڈوم نے کہا کہ بچپن میں وسیم اکرم کو بولنگ کرتا دیکھتا تھا، انہوں نے انگلش ٹیم کو کافی پریشان کیا، پاکستان ٹیم کے 2 میچز برے ہوئے لیکن ٹیم میں کافی ٹیلنٹ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک اچھی فتح کے ساتھ پاکستان ٹیم اپنا کھویا ہوا اعتماد بحال کرلے گی۔