کبریٰ یلدرم :دنیا کے سب سے بڑے مسافر بردار جہاز کو اڑانے والی ترکیہ کی پہلی خاتون پائلٹ

انقرہ (آئی این پی )کبریٰ یلدرم دنیا کے سب سے بڑے مسافر بردار طیارے ایئربس A380کی کپتان پائلٹ بننے والی ترکیہ کی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق کبریٰ جو A380پر فرسٹ آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں، اب کپتان کی نشست سنبھال چکی ہیں۔ انہوں نے اپنے ایوی ایشن کیریئر کا آغاز ترکش ایئر لائنز کی ہوائی جہاز کی دیکھ بھال کرنے والی کمپنی ٹی ایچ آئی ٹیکنیک میں انٹرن شپ کے ساتھ کیا۔اپنی ٹریننگ کے بعد انہوں نے ترکش ایئر لائنز کے ایئربس فلیٹ میں فرسٹ آفیسر کے طور پر شمولیت اختیار کی۔دبئی میں ایک ایئر لائن میں اپنے کیریئر کو جاری رکھتے ہوئے، کبریٰ نے کپتان کے عہدے کو حاصل کرنے سے پہلے کئی سالوں تک ایک فرسٹ آفیسر کے طور پر A380کو اڑایا۔اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ پر اس خبر کا اعلان کرتے ہوئے کبریٰ نے اپنے فخر اور تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سفر جو میں نے تقریباً 12سال قبل شروع کیا تھا، آج اس نے مجھے کپتان کی مسند پر پہنچا دیا ہے۔ میں ہر اس شخص کی تہہ دل سے مشکور ہوں جنہوں نے میرا ساتھ دیا۔ میں اب باضابطہ طور پر ایئربس A380 کی کپتان ہوں۔