9مئی مقدمات: پولیس نے فوادچودھری کو پانچ میں قصور وار قرار دیدیا

  لاہور(آئی این پی )پولیس نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کو 9مئی کے پانچ مقدمات میں قصور وار قرار دے دیا۔انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج منظر علی گل نے فواد چودھری کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔دوران سماعت پولیس نے فواد چودھری کی تفتیشی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی، رپورٹ میں پولیس نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کو 9مئی کے پانچ مقدمات میں قصور وار قرار دے دیا۔اس موقع پر سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے اپنے سینئر وکیل کی غیر حاضری کے باعث سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔عدالت نے فواد چودھری کی استدعا منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر وکلاء کو دلائل کیلئے طلب کر لیا۔