کراچی میں نصف صدی کے بعد ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز

 ایسے پروجیکٹ لا رہے ہیں جس سے لوگوں کو فائدہ ہو،کرایہ 20 روپے ہوگا
کراچی (آئی این پی ) کراچی میں نصف  صدی کے بعد ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز ہو گیا ہے۔سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام  اور وزیر بلدیات ناصر شاہ نے ڈبل ڈیکر بسوں کا افتتاح کیا۔حکام نے شرجیل انعام میمن کو بسوں کی خصوصیات سے متعلق بریفنگ دی۔افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے بتایا کہ ہم نے عوام سے ڈبل ڈیکر بسوں کا وعدہ کیا تھا، ایسے پروجیکٹ لا رہے ہیں جس سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فائدہ ہو۔ابتدائی مرحلے میں تجرباتی بنیادوں پر پانچ بسیں شاہراہ فیصل سے ملیر کینٹ تک چلائی جا رہی ہیں۔اب  سے ڈبل ڈیکر بسوں میں عوام سفر کر سکیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ابتدائی طور پر ڈبل ڈیکر بس کا روٹ ملیر سے لیکر شارع فیصل تک رکھا گیا ہے۔ تجربہ بہتر ہوگا تو ڈبل ڈیکر کی بہت بڑی فلیٹ  منگوائیں گے، اور 2026 میں ڈبل ڈیکر بسز پورے کراچی کی سڑکوں پر چلتی نظر آئیں گی