خلیجی ممالک جانے والے یکم فروری سے سافٹ اسکلز سرٹیفکیشن حاصل کریں گے:اعلامیہ جاری
اسلام آباد (آئی این پی )روزگار کے لیے بیرون ملک جانے کے خواہشمند افراد کے لیے نئے سال 2026 کے آغاز سے بڑی شرط عائد کی جا رہی ہے۔پاکستان سے ہر سال تعلیم یافتہ اور ہنرمند افراد کی بڑی تعداد روزگار کے حصول کے لیے بیرون ملک کا رخ اختیار کرتی ہے۔ ایسے خواہشمند افراد کے لیے اہم خبر ہے کہ بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ اسلام آباد نے یکم جنوری سے اہم شرط عائد کر دی ہے۔جاری اعلامیہ کے مطابق یورپی ممالک کے لیے آج سے اور خلیجی ممالک جن میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، عمان، بحرین اور کویت شامل ہے کے لیے یکم فروری 2026 سے لازمی سافٹ اسکلز سرٹیفکیشن نافذ کر دی گئی ہے۔اب تمام اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے ذریعہ جانے والے افراد اور وہ پاکستانی جو براہ راست ان ممالک میں ملازمت حاصل کرتے ہیں، ان سب کے لیے لازم ہوگا کہ وہ پروٹیکٹوریٹ آف امیگرنٹس میں رجسٹریشن سے قبل یہ سرٹیفکیشن مکمل کریں۔