ٹریفک پولیس پنجاب میں یکساں قانون کے نفاذ کے لیے متحرک ہو گئی ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کے ہدایات پر صوبہ بھر میں تیز رفتار کارروائیاں جاری ہیں۔
گزشتہ چار روز کے دوران، 2 لاکھ 47 ہزار سے زائد خلاف ورزیوں پر چالان اور ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں، جن سے مجموعی طور پر 25 کروڑ 73 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔کریک ڈاؤن کے دوران، 49,961 موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں تھانوں میں بند کی گئی ہیں۔ وارننگ کے باوجود ون وے اور دیگر سنگین خلاف ورزیوں پر 9,379 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے 24/7 نگرانی جاری ہے تاکہ قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکا جا سکے۔
اس کے علاوہ، کالے شیوں کے استعمال پر چالان کے بجائے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔ زیرو ٹولرنس پالیسی کو یقینی بنانے کے لیے ویجیلنس ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ ڈی آئی جی وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے یہ کارروائیاں جاری رہیں گی، اور شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کا احترام کریں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچ سکیں۔