مریض مہنگے داموں ادویات خریدنے اور ٹیسٹ کرانے پر مجبور، نوٹس کامطالبہ
چک امرو (خصوصی رپورٹ )ضلعی انتظامیہ کی غفلت اور ناقص کارکردگی کے باعث سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے جسکے سبب مریضوں کو نا صرف ادویات مہنگے داموں باہر سے خریدنی پڑ رہی ہیں بلکہ مختلف ٹیسٹ بھی نجی لیبارٹریز سے بھاری فیس دے کر کرانے پر مجبور ہیں۔ٹی ایچ کیو ہسپتال شکرگڑھ سمیت متعدد بی ایچ یوز میں بیشتر ادویات ناپید ہیں۔ ایمرجنسی میں بھی مہنگے انجکشنز اور دیگر ضروری ادویات مریضوں کو خود خریدنا پڑتی مفت ادویات لینے کیلئے مریضوں اور انکے لواحقین کو لمبی قطاروں میں گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے ، مگر باری آنے پر بھی اکثر ادویات دستیاب نہیں ہوتیں۔دور دراز سے علاج کی غرض سے آنے والے مریضوں کا کہنا ہے کہ جب سرکاری ہسپتالوں میں بھی مفت علاج کی سہولت نہ ملے تو وہ کہاں جائیں؟ پرائیویٹ ہسپتالوں میں مہنگا علاج ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔مریضوں اور لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اس سنگین صورتحال پر آنکھیں بند کئے بیٹھی ہے۔ افسر دفاتر میں آرام کرتے اور میٹنگز میں سب اچھا ہے کی رپورٹ دیتے ہیں، اعلیٰ حکام صورتحال کاسخت نوٹس لیں۔