اٹلی میں 4.7 شدت کا زلزلہ، بجلی اور ٹرانسپورٹ کا نظام متاثر

اٹلی میں 4.7 شدت کا زلزلہ، بجلی اور ٹرانسپورٹ کا نظام متاثر

اٹلی کے جنوبی شہر نیپلز کے قریب واقع کیمپی فلیگری کے علاقے میں جمعے کی شام 4.7 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی، جبکہ ٹرین اور میٹرو سروس عارضی طور پر معطل کر دی گئی۔

 زلزلے سے بعض عمارتوں کو معمولی نقصان پہنچا، تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔اٹلی کے قومی ادارہ برائے ارضیات و آتش فشانیات کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق شام 7 بج کر 46 منٹ پر آیا۔ زلزلے کا مرکز نیپلز کے قریب واقع آتش فشانی علاقہ کیمپی فلیگری تھا، جبکہ اس کی گہرائی تقریباً 3 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔اطالوی فائر سروس کے مطابق نیپلز اور گرد و نواح میں بعض عمارتوں کو معمولی نقصان پہنچا، تاہم کسی رہائشی کو بچانے یا ہنگامی امداد فراہم کرنے کے لیے فوری طور پر کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔مقامی حکام نے احتیاطی تدابیر کے تحت ریلوے اور میٹرو سروس عارضی طور پر بند کر دی، جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر رہی۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی متعدد علاقوں کے رہائشی احتیاطاً گھروں سے نکل کر کھلے مقامات پر جمع ہو گئے۔ماہرین کے مطابق یہ کیمپی فلیگری کے علاقے میں حالیہ برسوں کے طاقتور زلزلوں میں شمار ہوتا ہے۔

 اگرچہ اس آتش فشانی علاقے میں معمولی زلزلے آنا معمول کی بات ہے، تاہم حالیہ جھٹکوں نے 1980 کی دہائی کے تباہ کن زلزلوں کی یاد تازہ کر دی، جن کے باعث ہزاروں افراد کو اپنے گھر چھوڑنے پڑے تھے۔واضح رہے کہ اٹلی دنیا کے زلزلہ خیز ممالک میں شامل ہے۔ 2016 میں وسطی اٹلی میں آنے والے طاقتور زلزلوں نے لازیو، امبریا اور مارکے کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی تھی، جس میں تقریباً 300 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس سے قبل نومبر 1980 میں جنوبی اٹلی کے ارپینیا میں 6.9 شدت کے زلزلے نے تقریباً 2,700 افراد کی جان لے لی تھی اور سیکڑوں قصبوں اور شہروں کو شدید نقصان پہنچا تھا۔