چین کے جنوب مغربی صوبے گوانگشی میں پیر کی صبح 5.2 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
چینی حکام کے مطابق زلزلے کا مرکز شہر لیوژو کے قریب تھا، جہاں فوری ریسکیو کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ حکام نے بتایا کہ 7 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے جبکہ امدادی سرگرمیاں بدستور جاری ہیں۔سرکاری میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے سے 13 عمارتیں منہدم ہو گئی ہیں۔ واقعے میں ایک شخص تاحال لاپتا ہے جبکہ زخمیوں میں سے 4 کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کسی زخمی کی حالت تشویشناک نہیں ہے۔
ریلوے حکام نے زلزلے کے بعد ریلوے ٹریک اور بنیادی ڈھانچے کے معائنے کے باعث ٹرانسپورٹ میں ممکنہ خلل کی وارننگ جاری کر دی ہے۔دوسری جانب سرکاری نشریاتی اداروں کے مطابق متاثرہ علاقوں میں مواصلاتی نظام، بجلی، پانی، گیس اور ٹریفک کی صورتحال مجموعی طور پر معمول کے مطابق ہے، تاہم حکام مسلسل صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں اور مزید نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔