طاقتور لوگ وسائل پر قبضہ کریں گے تو غم و غصہ پیدا ہوگا: حافظ نعیم

لاہور(خصوصی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا  سازشیں کرنے والا حکمران طبقہ ہے، سرمایہ داروں کے ساتھ مل کر لوٹ مار کا سلسلہ جاری ہے، طاقتور لوگ جب وسائل پر قبضہ کریں گے تو غم و غصہ تو پیدا ہوگا۔لاہور پریس کلب کے باہر جماعت اسلامی کے دھرنے کے دوسرے روز شرکا سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ لانگ مارچ میں شریک افراد کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، لانگ مارچ کے شرکا کا تمام شہروں میں شانداراستقبال ہوا۔ مختلف شہروں سے ہوتے ہوئے شرکا لاہور پہنچے ہیں، پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ بلوچ عوام کے ساتھ ہے، پورا پاکستان بلوچستان کے ساتھ ہے، جماعت اسلامی سب کے حقوق کیلئے بات کرتی ہے، ہمیں معلوم ہے پنجاب، بلوچستان کی حکومت فارم 47 والی ہے۔انہوں نے کہا  عدل کے نظام، انصاف کے لیے پاکستان بنایا گیا تھا، پولیس کو راستے سے ہٹانا ہمارے لیے کوئی مسئلہ نہیں تھا، ہم لڑنا نہیں چاہتے، بلوچستان کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اگر کمیٹی پر آج سے کام شروع نہیں ہوا تو پھر میں لانگ مارچ کا آغاز کروں گا، پھر ہم دیکھیں گے کون ہمارا راستہ روکتا ہے، سیدھے طریقے سے آج ہی مذاکرات شروع کریں، بلوچ، پشتونوں کوعزت دو، بلوچ نوجوانوں کے زخموں پر مرہم رکھنا ہوگا۔