ورکشاپ مالک نے ملازم کو آگ لگا دی

 گاڑی کے کاربوریٹر سے ملازم پر پٹرول گر گیا ، مالک نے غصے میں تیلی جلا کر پھینک دی ، حالت نازک ، ملزم گرفتار ، مقدمہ درج 
لاہور(کرائم رپورٹر)گلبرگ ماڈل کالونی میں ورکشاپ مالک نے مبینہ طور پر 12 سالہ ورکشاپ ملازم کو آگ لگا دی جس کے نتیجے میں بچہ بری طرح جھلس گیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشن کی ہدایت پر گلبرگ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔گلبرگ پولیس کے مطابق 12 سالہ فیضان ماڈل کالونی گلبرگ میں ایک ورکشاپ پر کام کرتا ہے کام کے دوران گاڑی کے کاربوریٹر میں موجود پٹرول اس پر گر گیا جس سے اس کے کپڑے گیلے ہوگئے اس نے آکر اپنے ورکشاپ کے مالک بابر کو بتایا تو اس نے غصے میں ماچس کی تیلی جلا کر فیضان پر پھینک دی جس سے فیضان کے کپڑوں میں آگ لگ گئی اور اس کا جسم جھلس گیا اسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔