عدالتی عملے کیخلاف شکایات وصولی کا جدید طریقہ کار نافذ ،عدالتوں میں بکس نصب

پنجاب میں تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اپنے دفاتر کے باہر ای میل ایڈریس اور واٹس ایپ نمبر واضح طور پر آویزاں کریں گے
سینئر سول ججز کے دفاتر کے باہر اور جوڈیشل حوالات میں بھی شکایات وصول کرنے کیلئے ای میل ایڈریس ،واٹس ایپ نمبرآویزاں ہوگا
شکایات بکس روزانہ کی ڈائری بکس کھلنے کے وقت کھولے جائیں گے،شکایات کنندہ کو ایس ایم ایس، سرکاری خط کے ذریعے آگاہ کیا جائیگا
لاہور( آئی این پی)چیف جسٹس مس عالیہ نیلم کی ہدایت پر لاہور ہائیکورٹ نے سائلین کی شکایات کے ازالے اور عوامی خدمت کی بہتری کے لیے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے عدالتی عملے کے خلاف شکایات کا جدید اور موثر طریقہ کار نافذ کر دیا جس کے تحت صوبہ بھر کی عدالتوں میں شکایات بکس بھی نصب کردیئے گئے۔ فاضل چیف جسٹس کی خصوصی ہدایات پر صوبہ بھر کے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججزکو مراسلہ جاری کر دیا گیا ۔عدالتی عملے کے خلاف شکایات موصول ہونے اور کارروائی کے لئے جدید اور موثر نظام نافذکیا گیا ہے ۔ عدالتی عملے و ملازمین کے خلاف شکایات کے اندراج کے نئے طریقہ کار کو آسان اور جدید خطوط پر استوارکیا گیا ہے ۔مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اپنے دفاتر کے باہر ای میل ایڈریس اور واٹس ایپ نمبر واضح طور پر آویزاں کریں گے، سینئر سول ججز کے دفاتر کے باہر اور جوڈیشل حوالات میں بھی شکایات وصول کرنے کے لئے ای میل ایڈریس اور واٹس ایپ نمبرآویزاں ہوگا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے دفتر کے باہر اور دیگر متعلقہ مقامات پرشکایات بکس بھی نصب کیے جائیں گے۔مراسلے میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ شکایات باکسز روزانہ کی ڈائری بکس کھلنے کے وقت کھولے جائیں گے،موصول ہونے والی تمام شکایات پر فوری کارروائی کو یقینی بنایا جایا گا،شکایت موصول ہونے پر، شکایت کنندہ کو فوری طور پر ایس ایم ایس کے ذریعے وصولی کی تصدیق بھیجی جائے گی،شکایت پر کارروائی مکمل ہونے اور اس کا حتمی فیصلہ ہونے کے بعد شکایت کنندہ کو ایس ایم ایس اور سرکاری خط کے ذریعے مطلع کیا جائے گا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے کہا کہ پنجاب بھر کی ضلعی عدلیہ کے عملے کی کارکردگی،شفافیت اور احتساب کو یقینی بنایا جائے گا۔