شہدادکوٹ (ویب ڈیسک) : شہدادکوٹ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے محکمہ زراعت کے ڈپٹی ڈائریکٹر عاشق حسین چانڈیو جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ تھانہ اے سیکشن کی حدود میں اس وقت پیش آیا جب عاشق حسین چانڈیو مقامی مسجد کے قریب موجود تھے۔ نامعلوم حملہ آوروں نے انہیں نشانہ بنایا اور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔عینی شاہدین کے مطابق علاقے میں اچانک فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں جس سے مقامی افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔پولیس نے واقعے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کر دی ہے اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے تفتیشی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر واقعے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مختلف زاویوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جلد ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔