گھریلو گیس کنکشنز کیلئے وزیراعظم سے درخواست کروں گا، مقامی گیس دستیاب نہیں ،بجلی گھر ایل این جی خریداری نہیں کر رہے،وفاقی وزیر علی پرویزملک کی میڈیا سے گفتگو
کراچی(آئی این پی ) وفاقی حکومت نے پمپس پر پٹرول اور ڈیزل کی چوری روکنے کے لئے پٹرول ڈالنے والی نوزلز ڈیجیٹل کرنے کافیصلہ کیا ہے۔یہ بات وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے سوئی سدرن کے دفتر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔انکا کہنا تھا وزارت پٹرولیم نے پٹرول پمپس پر چوری اور سمگلنگ کے سدباب کے لیے بڑا فیصلہ کیا ہے۔وفاقی وزیر علی پرویز ملک کا کہنا تھا حکومت نے پمپس پر پٹرول ڈالنے والی نوزلز ڈیجیٹل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ایک سوال کے جواب میں وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا گھریلو گیس کنکشنز کے لیے وزیراعظم سے درخواست کروں گا، مقامی گیس دستیاب نہیں ہے، نئے گھریلو کنیکشنز امپورٹڈ گیس پر ہو سکتے ہیں۔علی پرویز ملک کا کہنا تھا بجلی گھر ایل این جی خریداری نہیں کر رہے، ایل این جی نہ خریدے جانے پر 400ایم ایم سی ایف ڈی مقامی گیس سپلائی روکنی پڑ رہی ہے، پی ڈی ایل بڑھائی گئی لیکن فی الحال پٹرولیم قیمت پر اس کا اثر نہیں ہے۔امریکا کے ساتھ تجارت سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر برائے پٹرولیم کا کہنا تھا امریکا سے امپورٹ بڑھانے کے لیے کمیٹی بنا دی گئی ہے۔