امارات میں پٹرولیم مصنوعات مہنگی، ڈیزل کی قیمت میں بڑا اضافہ

امارات میں پٹرولیم مصنوعات مہنگی، ڈیزل کی قیمت میں بڑا اضافہ

متحدہ عرب امارات میں اپریل کے مہینے کے دوران ایندھن کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں ڈیزل کی قیمت میں 70 فیصد سے زائد اضافہ سامنے آیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافہ اور جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے باعث تیل کی مارکیٹ شدید متاثر ہوئی ہے۔ اس صورتحال کے نتیجے میں پٹرول کی قیمتوں میں ماہ بہ ماہ تقریباً 30 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق امارات میں حکام نے ڈیزل کی قیمت 2.72 درہم فی لیٹر سے بڑھا کر 4.69 درہم فی لیٹر کر دی ہے، جو تقریباً 72.4 فیصد اضافے کے برابر ہے۔اسی طرح سپر 98 پٹرول 2.59 درہم سے بڑھ کر 3.39 درہم ہو گیا، جو 30.9 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے، جبکہ اسپیشل 95 پٹرول 3.28 درہم (32.3 فیصد) اور ای پلس 91 پٹرول 3.20 درہم (33.3 فیصد) تک پہنچ گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق 2025 اور 2026 کے اوائل تک امارات میں ایندھن کی قیمتیں نسبتاً مستحکم تھیں، تاہم ایران جنگ کے باعث حالیہ دنوں میں قیمتوں میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمتوں میں تیز اضافہ خطے میں ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے اخراجات بڑھا سکتا ہے جس سے مہنگائی کے دباؤ میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔