پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں شدید بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق کل سے صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے اور یہ سلسلہ 4 اپریل تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ اور چنیوٹ میں بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور گجرانوالہ میں بھی بارش متوقع ہے۔مزید برآں حافظ آباد، وزیر آباد، سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ اور گجرات میں بھی بارشیں متوقع ہیں جبکہ خوشاب اور منڈی بہاوالدین میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان اور گردونواح میں بھی بارش کا امکان ہے، اور ڈیرہ غازی خان اور سلیمان رینج کے برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔
حکام کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے تحت متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی الرٹ پر رہنے کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو بھی ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔