روس میں شدید زلزلے کے دوران ڈاکٹروں کی جاں فشانی، آپریشن جاری رکھتے ہوئے مریض کی جان بچالی

روس میں شدید زلزلے کے دوران ڈاکٹروں کی جاں فشانی، آپریشن جاری رکھتے ہوئے مریض کی جان بچالی

روس میں آنے والے حالیہ 8.8 شدت کے تباہ کن زلزلے کے دوران ڈاکٹروں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر مریض کا آپریشن مکمل کر کے انسانیت کی بے مثال خدمت کی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

روسی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ سی سی ٹی وی فوٹیج مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ وائرل ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم شدید زلزلے کے جھٹکوں کے باوجود پرسکون رہ کر آپریشن تھیٹر میں موجود مریض کا آپریشن جاری رکھتی ہے۔ویڈیو میں نظر آنے والے ڈاکٹروں نے زلزلے کے دوران بھی آپریشن مکمل کر کے مریض کی جان بچائی۔ اس موقع پر آپریشن تھیٹر میں موجود آلات ہلتے دکھائی دے رہے تھے لیکن ڈاکٹرز اپنے کام میں مصروف رہے۔روسی وزیر صحت اولیگ میلنکوف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا:"خطرے کے باوجود، ہمارے ڈاکٹر پرسکون رہے اور آخری دم تک مریض کے ساتھ کھڑے رہے۔ یہ بہادری اور فرض شناسی کی بہترین مثال ہے۔"انہوں نے مزید بتایا کہ مریض اب مکمل طور پر خطرے سے باہر ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز روس کے مشرقی ساحل کے قریب کامچٹکا جزیرہ نما میں 8.8 شدت کا طاقتور زلزلہ آیا تھا، جس سے عمارتوں کو نقصان پہنچا اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔روسی ماہرین کے مطابق، یہ 1952 کے بعد خطے میں آنے والا سب سے طاقتور زلزلہ تھا، جب اسی علاقے میں 9.0 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔ زلزلے کے باعث بعض ساحلی علاقوں میں عارضی طور پر سونامی کی وارننگ بھی جاری کی گئی تھی۔یہ ویڈیو نہ صرف روس بلکہ دنیا بھر میں ڈاکٹروں کی پیشہ ورانہ خدمات اور انسانیت کے لیے ان کی قربانیوں کی ایک شاندار مثال کے طور پر سراہا جا رہا ہے۔