ظلم کی انتہا کے بعد بالآخر دنیا کو غزہ کا درد محسوس ہونے لگا، فرانس اور برطانیہ کا فلسطین کو تسلیم کرنے کا فیصلہ خوش آئند
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان نے فرانس اور برطانیہ کی جانب سے فلسطین کو تسلیم کرنے کے فیصلے کو خوش آئند، بروقت اور عالمی ضمیر کی بیداری کی علامت قرار دیتے ہوے کہا ہے کہ ظلم کی انتہا کے بعد بالآخر دنیا کو غزہ کا درد محسوس ہونے لگا ہے۔ اپنے بیان میں شیری رحمان نے کہا کہ بھوک سے بلکتے فلسطینی بچوں کی آہوں نے عالمی برادری کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے اور فرانس و برطانیہ کا یہ فیصلہ انصاف، انسانی ہمدردی اور عالمی امن کی سمت پہلا عملی قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی دباؤ کے بعد اسرائیل نے غزہ میں امدادی ٹرکوں کو داخلے کی اجازت دی، لیکن غزہ میں اب بھی روز زندگی نہیں موت بانٹی جا رہی ہے۔ خوراک اور پانی کو ہتھیار بنا کر ظلم و بربریت کی انتہا کی گئی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ دو ریاستی حل ہی مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن کا واحد راستہ ہے۔سینیٹر شیری رحمان نے اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اب صرف بیانات پر اکتفا نہ کریں فوری، واضح اور مؤثر اقدامات کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے عوام کو صرف ہمدردی نہیں تحفظ، خوراک، ادویات اور آزادی کی ضرورت ہے۔