پاکستان دشمنی بھارت کو عالمی سطح پر بدنامی و رسوائی کی طرف لے جا رہی ہے:سردارمسعود خان

پاکستان کو عالمی سطح پر تسلسل کے ساتھ سفارتی کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں، امریکا و چین سے تعلقات میں وسعت آ رہی ہے،انٹرویو
اسلام آباد(آن لائن) آزاد جموں وکشمیرکے سابق صدر اور امریکا و چین میں پاکستان کے سابق سفیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو عالمی سطح پر تسلسل کے ساتھ سفارتی کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں، اور امریکا و چین دونوں کے ساتھ تعلقات میں وسعت آ رہی ہے، جبکہ بھارت کی پاکستان دشمنی اسے عالمی سطح پر بدنامی اور رسوائی کی طرف لے جا رہی ہے۔ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے سردار مسعود خان نے انکشاف کیا کہ امریکا نے بھارت کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ پاکستان کی مشرقی سرحد پر کسی قسم کی بلا جواز جارحیت کا سوچے بھی نہیں۔ پاکستان کو مغربی سرحد سے ضرور تشویش ہے، جہاں بھارت نے افغانستان، ایران اور خلیجی ریاستوں میں اپنے خفیہ اڈے اور نیٹ ورک قائم کر رکھے ہیں جنہیں وہ پاکستان کے اندر دہشتگردی کے لیے استعمال کرتا ہے۔ ان سرگرمیوں کے شواہد پاکستان، امریکا اور اقوام متحدہ کو فراہم کر چکا ہے۔سردار مسعود خان نے پاکستان، چین اور امریکا کے تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو نہ صرف چین میں عزت و وقار کی نظر سے دیکھا جاتا ہے بل کہ عالمی سطح پر بھی اس کا تعمیری کردار نمایاں ہو رہا ہے،ساتھ ہی پاکستان روس کے ساتھ بھی سفارتی، معاشی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دے رہا ہے۔