دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں ماحول کو خطرناک حد تک آلودہ کر رہی ہیں
پاکپتن (خصوصی رپورٹ) شہر اور اس کے گرد و نواح میں آلودگی کی بڑھتی ہوئی صورتحال نے عوام کے لیے ایک سنگین مسئلہ کھڑا کر دیا ہے، جس کا ذمہ دار محکمہ ماحولیات کی مبینہ غفلت اور نااہلی ہے،فضا میں زہریلا دھواں اور سڑکوں پر بے تحاشا دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں ماحول کو نہایت خطرناک حد تک آلودہ کر رہی ہیں،نتیجتاً، شہری سانس کی بیماریوں، دمہ، اور دیگر مہلک بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں، جب کہ پینے کے پانی اور زرعی زمین پر بھی اس آلودگی کے منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں،محکمہ ماحولیات، جو ماحول کی حفاظت اور آلودگی کے خاتمے کا ذمہ دار ہے، اس سنگین صورتحال پر خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔ ان کی جانب سے نہ تو کوئی موثر کارروائی کی جا رہی ہے اور نہ ہی قوانین کا نفاذ یقینی بنایا جا رہا ہے۔