فیصل آباد ، روس میں زیرِ تعلیم میڈیکل طالبہ پر پولیس کا مبینہ تشدد

 موبائل فون چھیننے اور طالبہ کے بھائی کو اپنے ساتھ لے جانے کے سنگین الزامات
 مبینہ تشدد کے دوران اسے زمین پر لٹایا گیا، ٹانگوں سے پکڑا گیا اور بازو کھینچے گئے:طالبہ
فیصل آباد(آ ئی این پی)فیصل آبادتھانہ سرگودھا روڈ سے 65 سالہ بزرگ ملزم کے مبینہ فرار کے معاملے نے نیا اور انتہائی سنگین رخ اختیار کر لیا۔ متاثرہ خاندان کی جانب سے رات گئے جاری کیے گئے نئے ویڈیو بیان میں فیصل آباد پولیس پر گھر میں داخل ہو کر روس میں زیرِ تعلیم میڈیکل طالبہ اور اس کی بہنوں کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنانے، موبائل فون چھیننے اور طالبہ کے بھائی کو اپنے ساتھ لے جانے کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔متاثرہ میڈیکل طالبہ نے اپنے ویڈیو بیان میں الزام عائد کیا کہ رات کے وقت سول کپڑوں میں ملبوس افراد پولیس موبائل میں ان کے گھر پہنچے اور گھر میں داخل ہو گئے۔ طالبہ کے مطابق اہلکار اس کے والد کو گاڑی میں بٹھا کر لے گئے تھے، جبکہ بعد ازاں اس سمیت اس کی بہنوں کے ساتھ بھی مبینہ طور پر بدسلوکی اور تشدد کیا گیا۔طالبہ نے دعویٰ کیا کہ جب انہوں نے مبینہ کارروائی کی ویڈیو بنانے کی کوشش کی تو اہلکاروں نے ان کا موبائل فون چھین لیا۔ متاثرہ طالبہ کے بقول مبینہ تشدد کے دوران اسے زمین پر لٹایا گیا، ٹانگوں سے پکڑا گیا اور بازو کھینچے گئے، جبکہ وہ مسلسل خود کو بچانے کی کوشش کرتی رہی۔