کل سے پٹرول مہنگا ؟

 پٹرول کی فی لٹر قیمت میں 2 روپے 60 پیسے، ڈیزل میں 3 روپے 69 پیسے اضافے کا امکان 
 لاہور (کرائم رپورٹر) عوام کے لئے بری خبر، یکم اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ اوگرا نے قیمتوں کے تعین کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو بھیجنے کی تیاری مکمل کر لی ،جو بعدازاں وزارت خزانہ کو ارسال کی جائے گی، جبکہ حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔پٹرولیم ذرائع کے مطابق اکتوبر کے پہلے 15 دنوں کے لیے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے۔ اندازے کے مطابق پٹرول کی فی لٹر قیمت میں 2 روپے 60 پیسے، ڈیزل میں 3 روپے 69 پیسے اور مٹی کے تیل میں 1 روپے 76 پیسے فی لٹر اضافہ ہوسکتاہے۔اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں اور روپے کی قدر میں اتار چڑھائو کے اثرات مقامی سطح پر پڑ رہے ہیں، جس کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے بڑھتی قیمتیں مہنگائی کے بوجھ کو مزید سنگین بنا دیں گی لہٰذا حکومت کو عوامی مشکلات کے پیش نظر ہی فیصلے کرنے چاہئیں۔