لاہور: پنجاب ریونیو اتھارٹی (PRA) نے غیر رجسٹرڈ کاروباروں کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے نئی حکمت عملی ترتیب دے دی ہے۔
اس سلسلے میں اتھارٹی نے سروسز فراہم کرنے والے اداروں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کے لیے انفورسمنٹ ٹیمیں فعال کر دی ہیں، جو ہوٹل، ریسٹورنٹس، مارکیز اور دیگر غیر رجسٹرڈ کاروباروں کی نشاندہی کر کے فوری نوٹسز جاری کر رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق، نئی ٹیکس اصلاحات کے تحت ایک آسان اور صارف دوست رجسٹریشن مہم بھی شروع کی گئی ہے، جس میں آن لائن رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ کاروباری افراد بغیر کسی مشکل کے نظام سے منسلک ہو سکیں۔
اتھارٹی کے مطابق ہر سروسز پرووائیڈر کے لیے لازمی ہے کہ وہ ٹیکس نیٹ میں شامل ہو اور ماہانہ سیلز ٹیکس ریٹرن بروقت جمع کروائے۔ رجسٹریشن نہ کرانے والے کاروبار جرمانے اور قانونی کارروائی کے خطرے سے دوچار ہوں گے۔یہ اقدامات صوبے میں شفاف ٹیکس نظام کو فروغ دینے اور کاروباری سرگرمیوں میں منظم رجسٹریشن کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔