"بابراعظم، رضوان کو صرف ٹیسٹ تک محدود رکھیں"

قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے سابق کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان کو ٹی20 ٹیم سے ڈراپ کرنے کے حالیہ فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے اسے "درست فیصلہ" قرار دیا ہے۔

ایک تازہ پوڈکاسٹ گفتگو میں کامران اکمل نے کہا کہ ان کے خیال میں بابر اور رضوان دونوں اب ٹی20 فارمیٹ کے بجائے ٹیسٹ کرکٹ کیلئے زیادہ موزوں ہیں، اور انہیں صرف اسی فارمیٹ میں برقرار رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا:"بابر اور رضوان جیسے کھلاڑیوں کو اب ٹیسٹ کرکٹ تک محدود کر دینا چاہیے اور تقریباً 6 ماہ بعد ون ڈے اسکواڈ سے بھی مرحلہ وار ڈراپ کرنا بہتر ہوگا۔"کامران اکمل کا ماننا ہے کہ آج کل لوگ ٹیسٹ کرکٹ کی اہمیت کو نظر انداز کرتے ہیں، حالانکہ:"حقیقی کرکٹر وہی ہوتا ہے جو ٹیسٹ کرکٹ کھیل کر اپنے آپ کو منوائے۔ آپ خود کو صرف ٹی20 تک محدود نہیں رکھ سکتے۔"
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے دورے میں ناقص کارکردگی کے بعد بابر اعظم اور محمد رضوان کو ٹی20 اسکواڈ سے باہر کیا گیا تھا۔ بعد ازاں بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20 سیریز میں بھی انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔کامران اکمل کے اس بیان سے کرکٹ حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی ہے کہ آیا سینئر کھلاڑیوں کو وقت کے ساتھ فارمیٹس کی تخصیص کے تحت آگے بڑھنا چاہیے یا نہیں۔